پتور 6؍دسمبر(ایس او نیوز)یہاں کے ایک نجی سوئمنگ پول میں تیرنے کے لئے گیا ہوا نوجوان ڈوب کر ہلاک ہونے کی خبر موصول ہوئی ہے۔ کہتے ہیں کہ پتور کے گنگادھر کا بیٹا کارتھک(۱۹ سال) جو کہ بی کام سیکنڈ ایئر کا طالب علم تھا،ایک پرائیویٹ سوئمنگ پول میں تیرنے کے لئے گیا ہوا تھا جہاں پانی میں ڈوبنے سے اس کی موت واقع ہوگئی ہے۔
کارتھک کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ وہ ایک بہترین کرکٹ کھلاڑی تھا۔ اس کے گھر والوں کا الزام ہے کہ سوئمنگ پول کا انتظام دیکھنے والوں کی بے پروائی سے اس کی موت ہوئی ہے۔ خبر ہے کہ اس سے قبل بھی اسی پول میں ڈوب کر ہلاک ہونے کے واقعات ہوچکے ہیں۔پولیس نے مشکوک حالت میں موت کا معاملہ درج کرلیا ہے اور کہا ہے کہ اگر پول منیجمنٹ کی غلطی یا کوتاہی سے یہ حادثہ ہوا ہے تو پھر ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔